آلودہ پانی 70 فیصد بیماریوں کا سبب، صاف پانی، سیوریج نظام ناگزیر ، مصطفٰی کمال

 پرہیز علاج سے بہتر ہے اور اس حوالے سے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے :وفاقی وزیر
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیرِ صحت مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ ملک میں آلودہ پانی 70 فیصد بیماریوں کی بنیادی وجہ بن رہا ہے۔ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے سیوریج کے نظام کو مؤثر اور جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا انتہائی ضروری ہے، بدقسمتی سے تاحال ملک میں سیوریج کا جامع نظام تشکیل نہیں دیا جا سکا۔ 15ویں انٹرنیشنل پبلک ہیلتھ کانفرنس 2025سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا  کہ صاف پانی کی فراہمی سے ملک میں بیماریوں کی شرح میں واضح کمی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے اور اس حوالے سے عوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اندازے کے مطابق ملک میں چار میں سے ایک فرد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہے، جو کئی دیگر بیماریوں کی بھی وجہ بنتا ہے۔ انہوں نے کہا  ذیابیطس سے بچاؤ کے لیے قبل از وقت اقدامات اور بہتر طرزِ زندگی اختیار کرنا ناگزیر ہے۔مصطفٰی کمال نے ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ صحت مند معاشرے کے لیے پائیدار اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں