شہری صاف پانی سے محروم،بیماریوں میں مبتلا

نہری پانی فروخت کرنیوالے لاکھوں روپے یومیہ کمارہے ، متعلقہ ادارے خاموش
لاہور ( کرائم رپورٹر )رائے ونڈ کے عوام 25 سال گزرنے کے باجود پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، غلاظت ملا پانی پینے سے شہری خطرناک بیماریوں میں مبتلاہو گئے ،ٹاؤن کمیٹی کو میٹروپولیٹن کا رپوریشن لاہور میں ضم کرنے کے بعد شہریوں سے زندگی کی بنیادی سہولیات چھین لی گئیں۔تفصیل کے مطابق مشرف دور میں رائے ونڈ ٹاؤن کمیٹی کو ختم کرکے لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کا حصہ بنادینے سے رائے ونڈ کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات پینے کا صاف پانی ،سیوریج سسٹم ،نالہ جات کی صفائی سمیت دیگر سہولیات سے محروم کردیا گیا۔نئے بلدیاتی نظام میں رائے ونڈ کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کے بجائے اسکو یونین کونسل بنادیا گیا ،25سال سے رائے ونڈ کی سیاست پرراج کرنے والوں نے صاف پانی ،سیوریج سسٹم ،کھیل کے میدانوں ،تفریحی سرگرمیوں ،ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ ،پاسپورٹ آفس ،سڑیٹ لائٹس  ،تجاوزات سمیت دیگر مسائل پر کوئی خاص توجہ نہیں دی ،شہر کی چھ لاکھ نفوس پر مشتمل آبادی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے، نہری پانی فروخت کرنیوالے لاکھوں روپے یومیہ کمارہے ہیں۔