سمن آباد، غالب کالونی ،پکی ٹھٹھی ،سیوریج تباہ ، آلودہ پانی کی سپلائی

 گلیاں ، بازار گندے پانی میں ڈوب گئے،7لاکھ آبادی متاثر،واسا کی کارکردگی سوالیہ نشان 
لاہور (خصوصی رپورٹ)سمن آباد، غالب کالونی اور پکی ٹھٹھی میں سیوریج اور آلودہ پانی کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ملتان روڈ سے ملحقہ آبادیوں میں گلیاں اور بازار گندے پانی میں ڈوب گئیجبکہ گھروں میں کالا اور برا ئون پانی سپلائی ہو رہا ہے۔7 لاکھ سے زائد شہری بنیادی سہولیات سے محروم ،ماہ رمضان سے قبل پریشانی بڑھ گئی۔شہریوں کی شکایات کے باوجود واسا کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی۔روزنامہ دنیا سروے کے مطابق علاقے میں سیوریج کا نظام بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ نکاسی آب نہ ہونے سے سیوریج لائنیں اوور فلو کر رہی ہیں ،پانی گھروں کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے۔ تعفن اور مچھروں کی افزائش سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ پینے کے پانی کی فراہمی بھی سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ صبح کے اوقات میں نلکوں سے سیاہ رنگ کا پانی آتا ہے جبکہ شام کوبھورے رنگ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ شہریوں کا کہناہے کہ وہ آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، متعدد بار شکایات کے باوجود واسا حکام مسئلہ حل نہیں کر سکے۔متاثرہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کا نظام فوری بحال اور صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔