روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غریب اور کمزورطبقات کی معاونت کے لئے سماجی تحفظ کی سکیموں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے:وزیراعظم سے ملاقات میں بات چیت
اسلام آباد(آن لائن)صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بند ء اور خصوصی اقدامات،احسن اقبال،وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف،سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے ۔وزیرِ اعظم نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ سرکاری دورہ متحدہ عرب امارات اور وفاقی بجٹ کے حوالے سے آگاہ کیا۔صدرمملکت نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی، خصوصاً محنت کشوں اور کم آمدنی والے طبقات کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے، بجٹ میں تنخواہ دار، پینشنرز، مزدور اور پسماندہ طبقات کے مسائل کے حل کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا روزگار کے مواقع پیدا کرنے، غریب اور کمزورطبقات کی معاونت کے لیے سماجی تحفظ کی اسکیموں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔