ویب ڈیسک:بشریٰ بی بی کی پارٹی عہدیداروں سے خطاب کی آڈیو سامنے آئی جس میں انہوں نے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج اور گرفتاریوں کے حوالے سے پی ٹی آئی کے عہدیداروں کو ہدایات دیں۔
آڈیو میں بشریٰ بی بی نے کہا کہ یہ ملک کی آزادی کی جنگ ہے اور پارٹی رہنماؤں کو عمران خان کا پیغام پہنچانے کی تاکید کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کو قافلے لانے ہوں گے اور اگر کوئی گرفتار ہو تو اس کے بعد وہ قافلے کی قیادت کرے گا۔بشریٰ بی بی نے عہدیداروں کو متبادل حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ گرفتار ہونے یا شیلنگ کا کوئی عذر نہ ہو۔ انہوں نے ویڈیوز اور تصاویر لینے کی تاکید کی اور کہا کہ انٹرنیٹ بند ہونے کی صورت میں ویڈیوز میڈیا تک پہنچانے کے لیے موٹر سائیکل کا انتظام کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کے پاس ویڈیوز نہیں ہوں گی، انہیں آئندہ ٹکٹ نہیں دیا جائے گا۔بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ یہ صرف عمران خان کی آزادی کی جنگ نہیں بلکہ پاکستان کی آزادی کی جنگ ہے۔ انہوں نے پختون قوم کی غیرت کا ذکر کیا اور کہا کہ جو شخص سچا اور غیرت مند ہو گا، وہ خان اور ملک کے ساتھ وفادار ہوگا۔ ان کا پیغام تھا کہ 24 نومبر کو کارکنوں کا وفاداری کا امتحان ہوگا، اور جنہوں نے وفاداری کا مظاہرہ کیا، وہ خان کے ساتھ رہیں گے۔