اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت ہوئی، تاہم ان کی عدم دستیابی کے باعث گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ کیے جاسکے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 نومبر تک ملتوی کردی۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاکم خان بکھر نے کی۔ سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ مقدمے میں نامزد شریک ملزم فاروق بھی عدالت میں موجود تھے۔
وکیل نے علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے آگاہ کردیا
سماعت کے دوران علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل گرفتار ہوچکے ہیں۔ وکیل کے مطابق علی امین گنڈاپور نے آج عدالت میں پیش ہونا تھا، تاہم گرفتاری کے باعث ان کی پیشی ممکن نہیں ہوسکی۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ چونکہ ان کے موکل پہلے ہی گرفتار ہیں، اس لیے اگر عدالت دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کرتی ہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ ہوسکے
علی امین گنڈاپور کی عدم دستیابی کے باعث مقدمے میں گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کی کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔ عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ کارروائی کے لیے 27 نومبر کی تاریخ مقرر کردی۔
تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج
علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک سے متعلق مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں درج ہے۔ مقدمے کی مزید سماعت 27 نومبر کو ہوگی، جہاں عدالتی کارروائی آگے بڑھنے کا امکان ہے۔