190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا بیان 8 نومبر کو ریکارڈ ہوگا۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس حتمی مرحلے میں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کا بیان 8 نومبر کو ریکارڈ ہوگا۔

ویب ڈیسک:اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی عدالت میں ہوئی۔ اس موقع پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قید خانے سے عدالت لایا گیا جبکہ بشریٰ بی بی عدالت میں باہر سے حاضر ہوئیں۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب نے کیس کے حوالے سے مزید شواہد پیش نہیں کرنے ہیں۔سماعت کے دوران عدالت نے فیصلہ کیا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے 342 کے بیان کے لیے 8 نومبر کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ عدالت 8 نومبر کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 342 کے بیان کے لیے سوالنامے فراہم کرے گی اور سماعت اس تاریخ تک ملتوی کر دی گئی۔ریفرنس میں شامل 35 گواہوں پر عمران خان کے وکیل چوہدری ظہیر عباس اور بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل نے جرح مکمل کر لی ہے۔ تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح کا عمل 30 جولائی سے شروع ہوا تھا اور یہ جرح تقریباً تین ماہ جاری رہی۔

اس کیس کی 37 سماعتوں کے دوران چوہدری ظہیر عباس نے 20 جبکہ عثمان گل نے 14 سماعتوں میں جرح مکمل کی۔ نیب کے تمام شواہد اور گواہوں پر جرح مکمل ہونے کے بعد ریفرنس اب اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔