ہالی ووڈ: دنیا بھر میں مقبول کامیڈی فلم ’ہوم الون‘ کے مداحوں کے لیے خوش خبری سامنے آگئی، فلم کے نئے سیکوئل کی تیاری کی اطلاعات ہیں، جس میں معروف اداکار میکالے کلکن ایک بار پھر اپنے مشہور کردار کیون میک کالسٹر میں نظر آئیں گے۔
رپورٹس کے مطابق میکالے کلکن نے رواں سال ڈزنی حکام کو نئی فلم کا تصور پیش کیا تھا، جسے مبینہ طور پر منظوری مل گئی ہے۔ نئی فلم میں کہانی کو ایک نئے انداز سے پیش کیا جائے گا، جہاں ماضی کا شرارتی بچہ کیون اب ایک باپ بن چکا ہوگا۔
نئے سیکوئل میں کیون کا کردار مختلف انداز میں نظر آئے گا
رپورٹس کے مطابق 46 سالہ میکالے کلکن ایک بار پھر کیون میک کالسٹر کا کردار ادا کریں گے، تاہم اس مرتبہ کہانی ایک باپ کے نقطۂ نظر سے آگے بڑھے گی۔میکالے کلکن اس سے قبل بھی نئے سیکوئل کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔ ان کے تصور کے مطابق کیون اب ایک باپ ہوگا اور اس کا بیٹا گھر میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے مختلف دلچسپ جال بچھائے گا، جس سے فلم میں مزاحیہ صورتحال پیدا ہوگی۔
سیٹھ روگن اور ایون گولڈ برگ بھی پروڈکشن کا حصہ
نئی فلم کی کہانی اور پروڈکشن پر معروف فلم ساز سیٹھ روگن اور ایون گولڈ برگ بھی کام کریں گے۔ ان دونوں کی شمولیت سے فلم کے نئے سیکوئل کو ایک مختلف تخلیقی انداز میں پیش کیے جانے کی توقع ہے۔تاہم فلم کی ریلیز کی تاریخ اور دیگر کاسٹ سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔
اصل فلم کے ہدایتکار سیکوئل کے حق میں نہیں
دوسری جانب ’ہوم الون‘ کے اصل ہدایتکار کرس کولمبس نے نئے سیکوئل کے خیال سے اختلاف کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 35 سال قبل ریلیز ہونے والی کامیاب فلم کی مقبولیت کو دوبارہ دہرانے کی کوشش غلطی ثابت ہوسکتی ہے۔واضح رہے کہ ’ہوم الون‘ پہلی بار 1990 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں میکالے کلکن نے کم عمر کیون میک کالسٹر کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم کی کامیابی کے بعد اس کا سیکوئل ’ہوم الون 2: لوسٹ اِن نیویارک‘ 1992 میں ریلیز ہوا، جسے بھی شائقین کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی تھی۔