جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ملزموں کی بیرون ملک روانگی عدالت سے مشروط ہے‘خصوصی عدالت نے ملزموں کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لئے ڈی جی امیگریشن کو خط بھجوا دیا
عمران خان نے دستخط کرکے اہم دستاویز وصول کرلی‘ملزموں کی فہرست میں عمران خان کا نام شامل نہیں تھا، یہ ٹمپرڈ دستاویز ہے:وکلاء صفائی کا اعتراض‘25نومبر کو فرد جرم عائد ہوگی
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سمیت نامزد ملزموں کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کردی گئی۔نجی ٹی وی کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو پر حملے سے متعلق کیس میں نامزد ملزموں کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی کردی ہے۔ اس سلسلے میں عدالت نے ملزموں کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ڈی جی امیگریشن کو خط بھجوا دیا۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد ملزمان کی بیرون ملک روانگی عدالت سے مشروط ہے۔ ملزموںکی بیرون ملک سفر پر پابندی اے ٹی سی ایکٹ کی دفعہ 28 اے کے تحت عائد کی گئی ہے۔جی ایچ کیو حملہ کیس کے سلسلے میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انسپکشن نوٹ بھی اپنے دستخط کے ساتھ وصول کرلیا ہے۔ اس موقع پر وکلائے صفائی نے اعتراض کیا ملزموں کی فہرست میں عمران خان کا نام شامل نہیں تھا، یہ ٹمپرڈ دستاویز ہے۔ جی ایچ کیو حملہ کیس میں 25 نومبر کو ملزموں پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ مقدمے میں 23 ملزمان کو اشتہاری قرار دے کر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں۔ 23اشتہاری ملزمان میں شہباز گل، مراد سعید، حماد اظہر اور ذلفی بخاری بھی شامل ہیں۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں 120 ملزمان مقدمے کے ٹرائل کا سامنا کر رہے ہیں۔