حملہ کیس میں بانی کیخلاف کوئی مواد موجود نہیں، امید ہے کیس میں انصاف ملے گا: وکیل فیصل ملک
راولپنڈی (آئی این پی ) انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی۔ سماعت میں طلب کئے گئے تین گواہ پولیس سب انسپکٹرز عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 5 نومبر تک ملتوی کردی۔عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی اور آئندہ تاریخ پر 3 گواہوں کو اڈیالہ جیل میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت نے تمام ملزمان کو بھی 5 نومبر کو جیل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔۔دریں اثنابانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل ملک نے کہا ہے کہ نو مئی جی ایچ کیو کیس میں بانی کیخلاف کوئی مواد موجود نہیں۔اے ٹی سی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے اس کیس میں بانی پی ٹی آئی کو انصاف ملے گا۔