نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں، انصاف چاہتے ہیں: اسد قیصر

نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں، انصاف چاہتے ہیں: اسد قیصر

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ہم نواز شریف کی طرح ڈیل نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے فیصلے میرٹ پر ہوں۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر  نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن کے تحت جمعے کے روز ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔اسد قیصر کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے چار نکات کو تسلیم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی آواز دبائی جا رہی ہے، سیاسی قیدیوں کے ساتھ زیادتیاں ہو رہی ہیں جبکہ ایمان مزاری سمیت دیگر افراد کے ساتھ بھی ناانصافی کی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ملک کو دہشت گردی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ غلط خارجہ پالیسیوں اور معاشی مسائل کے باعث خیبر پختونخوا میں صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لیا جائے اور آٹے، گیس اور سی این جی کی بندش ختم کی جائے۔