پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ خواجہ آصف اور مریم نواز کی کوشش ہے کہ ہر ممکن طریقے سے پارٹی کے ساتھ مذاکرات ناکام بنائے جائیں۔
اسد قیصر نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے مختلف دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان دونوں رہنماؤں کی کوششیں مذاکرات کے عمل کو روکنے کی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر کو پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا، نہتے شہریوں پر گولیاں چلائی گئیں، اور پارٹی کے افراد کو ملٹری کورٹس میں سزائیں دی گئیں۔ اس کے باوجود پی ٹی آئی نے اپنے تحفظات اور مطالبات میں کمی کی تاکہ ملک آگے بڑھے اور بحران سے نکل سکے۔اسد قیصر نے حکومت کے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کے بانی سے ملاقات کروانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن اب مختلف بہانے بنائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد ملک میں آئین کی حکمرانی، آزاد عدلیہ، سول بالا دستی اور مضبوط پارلیمنٹ قائم کرنا ہے تاکہ ملک کو عوام کی مرضی کے مطابق چلایا جا سکے۔ اسد قیصر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی ہر صورت میں اپنے مؤقف پر قائم ہے۔آخر میں اسد قیصر نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں برداشت کی جانے والی صعوبتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک عظیم لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آ رہے ہیں، اور ملک کے لیے ان کی قربانیاں قومی سطح پر سراہنا چاہیے۔