آذربائیجان اور پنجاب کے درمیان جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI) اور ڈیجیٹل گورننس کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہو گیا ہے، جس کے تحت دونوں فریقین مستقبل میں مشترکہ منصوبے شروع کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے مشیر علی ڈار نے آذربائیجان کی انوویشن اینڈ ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ ایجنسی (IDDA) کی ٹیم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اے آئی پر مبنی گورننس، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔مذاکرات کے دوران مصنوعی ذہانت کے استعمال، ڈیجیٹل سروسز کی بہتری اور سرکاری نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے انضمام کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈیجیٹل جدت کے ذریعے عوامی خدمات کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنایا جا سکتا ہے۔
آذربائیجان کے آفس آف اے آئی اور IDDA کی ٹیم نے پنجاب حکومت کے ساتھ طویل المدتی تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا، جس میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر، تربیتی پروگرامز اور مشترکہ ریسرچ منصوبے شامل ہو سکتے ہیں۔دونوں جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا، جبکہ مستقبل میں اس تعاون کو عملی منصوبوں کی شکل دینے پر اتفاق ہوا۔