گلستان جوہر کے شاپنگ سینٹر میں 4 سنار کی دکانوں میں بڑی واردات کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔
واقعے کا مقدمہ شارع فیصل تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کے علاقے گلستان جوہر بلاک 17 میں واقع بسیرا شاپنگ سینٹر کے اندر واردات اس وقت پیش آئی جب 4 نامعلوم مسلح افراد نے سنار مارکیٹ کو نشانہ بنایا۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے ایک دکان کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہو کر تقریباً 2 کروڑ 19 لاکھ روپے مالیت کا سونا اور 20 لاکھ روپے نقدی لوٹ لی۔ اس کے علاوہ دوسری دکان سے 40 لاکھ روپے مالیت کا سونا، تیسری دکان سے موبائل فون جبکہ چوتھی دکان سے اسلحہ کے زور پر 70 لاکھ روپے مالیت کا سونا چھین لیا گیا۔
واردات کے دوران ملزمان نے فائرنگ بھی کی جس سے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ملزم خود بھی زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق واردات کے مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے خراب تھے، تاہم حکام نے ملزمان کے آنے اور جانے کے راستوں کی نشاندہی کر لی ہے۔ کرائم سین یونٹ نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔