اسپین کے شہر سان سیباسٹین میں 38 سالہ برطانوی سیاح 400 فٹ بلند پہاڑی مقام سے گر کر ہلاک ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی راہ گیر نے لاش دیکھ کر فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ماؤنٹ ارگل کے بالورٹ ویو پوائنٹ کے نیچے پیش آیا، جہاں سے یورپی نژاد شخص کی لاش برآمد کی گئی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے باسک انسٹیٹیوٹ آف لیگل میڈیسن منتقل کر دیا گیا ہے۔خود مختار باسک پولیس فورس Ertzaintza کے ترجمان کے مطابق ابتدائی فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کسی مجرمانہ سرگرمی کے شواہد نہیں ملے، تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
حکام یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا متوفی صرف سیاح تھا یا اسپین میں مستقل رہائش اختیار کیے ہوئے تھا۔ مزید تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔