بھارت: مسافر بس 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری، 6 افراد ہلاک، 20 زخمی

بھارت: مسافر بس 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری، 6 افراد ہلاک، 20 زخمی

بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی، 300 فٹ گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہو گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ ریاست اتراکھنڈ کے ضلع تہری گڑھوال میں پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری بس بے قابو ہو کر پل سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت بس میں 30 سے 35 مسافر سوار تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بس ہریدوار سے چمولی کی جانب جا رہی تھی کہ گلر بازار کے قریب ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور پل سے نیچے تقریباً 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ بس کو بری طرح نقصان پہنچا اور متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور امدادی اہلکار فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ امدادی کارروائیوں کے دوران کھائی میں پھنسے مسافروں کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق حادثے میں اب تک 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 20 افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس نے واقعے سے متعلق تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔