پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ اکاؤنٹس سے منسلک سمز کے حوالے سے اہم انتباہ جاری کر دیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پیغام میں کہا گیا ہے کہ صارفین اپنی ڈیجیٹل شناخت کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنے واٹس ایپ سے منسلک غیر فعال یا غیر رجسٹرڈ سمز کی فوری تصدیق یقینی بنائیں۔اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی ایسی سم سے منسلک ہے جو غیر فعال، بلاک یا منسوخ ہو چکی ہو تو اکاؤنٹ جلد ناقابل رسائی ہو سکتا ہے۔اتھارٹی کے مطابق صارفین کو چاہیے کہ اپنے اکاؤنٹس، چیٹس، رابطوں اور ڈیجیٹل شناخت کے تحفظ کے لیے اس بات کو یقینی بنائیں کہ واٹس ایپ نمبر ایک فعال اور رجسٹرڈ سم سے منسلک ہو۔
پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ اگر ضرورت ہو تو صارفین بائیو میٹرک تصدیق اور سم کی توثیق کے لیے قریبی فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے رجوع کریں۔مزید کہا گیا ہے کہ اگر موجودہ سم غیر فعال ہے تو فوری طور پر واٹس ایپ اکاؤنٹ کو کسی فعال اور تصدیق شدہ نمبر پر منتقل کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ مسئلے سے بچا جا سکے۔