ٹریفک چالان پر جھگڑا، مزنگ میں صورتحال کشیدہ، وارڈن معطل

ٹریفک چالان پر جھگڑا، مزنگ میں صورتحال کشیدہ، وارڈن معطل

لاہور کے علاقے مزنگ میں ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر روکے جانے کے بعد ٹریفک وارڈن اور ایک خاتون کے درمیان تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا، جس پر بعد ازاں متعلقہ حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وارڈن کو معطل کر دیا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار کو ون وے کی خلاف ورزی پر روکا گیا تھا، اور چالان کے دوران اس سے ڈرائیونگ لائسنس طلب کیا گیا۔ اسی دوران موٹرسائیکل سوار نے اپنا لائسنس وارڈن کے حوالے کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس موقع پر موٹرسائیکل سوار کے ساتھ موجود خاتون نے وارڈن سے لائسنس چھیننے کی کوشش کی، جس پر صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ وارڈن کی جانب سے خاتون کو پیچھے ہٹانے کی کوشش کی گئی، جس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ٹریفک حکام نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اس دوران سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ٹریفک وارڈن کے مبینہ نامناسب رویے پر اسے فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

سی ٹی او لاہور نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے ساتھ بدتمیزی، مس کنڈکٹ یا اختیارات کے غلط استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں شفافیت اور پیشہ ورانہ رویے کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اصل صورتحال اور ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا سکے۔