شہباز شریف کا ملکی سیاسی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ، کشیدہ صورتحال پر بریفنگ دی

شہباز شریف کا ملکی سیاسی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ، کشیدہ صورتحال پر بریفنگ دی

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موجودہ کشیدہ صورتحال اور بھارت کی جانب سے کیے گئے حملوں کے تناظر میں ملکی سیاسی قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کیے۔

 وزیراعظم نے سیاسی رہنماؤں کو بھارت کی جانب سے نورخان ایئر بیس اور دیگر مقامات پر کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ان حملوں میں معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، لیکن پاکستان کی افواج نے بروقت اور بھرپور جواب دے کر دشمن کو سخت پیغام دیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا، "الحمدللہ، ہماری بہادر افواج نے طاقتور اور منہ توڑ جواب دے کر بے گناہوں کے خون کا بدلہ لیا ہے۔ ہم اپنی افواج کی جرات، صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت پر فخر کرتے ہیں۔ پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کے باوجود صبر و تحمل سے کام لیا۔"

ٹیلیفونک رابطوں میں وزیراعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، بی این پی کے خالد حسین مگسی اور ق لیگ کے رہنما چوہدری سالک حسین سے گفتگو کی۔

سیاسی رہنماؤں نے پاک فوج کے بہادر سپاہیوں کی حکمت، حوصلے اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور وزیراعظم کو قومی یکجہتی اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے اس قومی یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "یہ یکجہتی دشمن کو واضح پیغام ہے کہ پوری قوم مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ایک صف میں کھڑی ہے۔"