متاثرہ خاندان تقریبا 130 برس سے قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا‘رقم اور سود میں اضافہ ہوتا رہا
پاکستان آنے والے مغربی جوڑے نے خاندان کی حالت زار دیکھ کر ان کا مکمل قرض ادا کر دیا
قصور(آئی این پی )صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں ایک غیر ملکی جوڑے نے انسانیت کی اعلی مثال قائم کرتے ہوئے غریب خاندان کو نسل در نسل جاری قرضی غلامی سے نجات دلا دی جس پر سوشل میڈیا صارفین اس اقدام کو انسان دوستی اور ہمدردی کی اعلی مثال قرار دے رہے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق متاثرہ خاندان تقریبا 130 برس سے قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا، خاندان کے بزرگ نے کئی دہائیاں قبل ایک بھاری قرض لیا تھا جس کے بعد خاندان کی آنے والی نسلیں بھی قرض کی ادائیگی کے لیے بھٹہ پر بغیر اجرت کام کرنے پر مجبور رہیں۔ذرائع کے مطابق خاندان کے افراد سخت اور غیر انسانی حالات میں اینٹیں بنانے کا کام کرتے رہے تاہم قرض کی رقم اور سود ختم ہونے کے بجائے مسلسل بڑھتا رہا۔ حال ہی میں پاکستان آنے والے ایک مغربی جوڑے نے خاندان کی حالت زار دیکھ کر ان کا مکمل قرض ادا کر دیا جس کے بعد خاندان کو غلامانہ مشقت سے آزادی حاصل ہو گئی۔اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے جب خاندان کی ایک خاتون نے خوشی اور تشکر کے جذبات سے مغلوب ہو کر غیر ملکی شخص کو گلے لگا لیا۔