پاکستان میں غلامی سے نجات کا عالمی دن کل منایا جائیگا

اسلام آباد(آ ئی این پی)پاکستان سمیت دنیا بھر میں غلامی سے نجات کا عالمی دن(کل) 2دسمبر کو منایا جائے گااس دن کو منانے کا مقصد،انسانی سمگلنگ،بچیوں کی جبری شادی،چائلڈ لیبر، جنسی استحصال جیسے سنگین جرائم کے خاتمے اور انسانیت کی آزادی کا شعور متعارف کروانا ہے۔اس دن کے حوالے سے پاکستان سمیت دنیا بھر میںآگاہی واکس،سیمینارز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گاجس میں غلامی سے نجات کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کیا جائے گا۔ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں چار کروڑ سے زائد افراد غلامی کا شکار ہیں، ان میں سے تقریباً ڈھائی کروڑ کو جبری مشقت اور ڈیڑھ کروڑ کو زبردستی شادیوں کا سامنا ہے۔ ڈھائی کروڑجبری مشقت میں مبتلا افراد میں سے تقریباً ایک کروڑ 60لاکھ افراد کا پرائیویٹ سیکٹر کے ہاتھوں استحصال ہورہا ہے۔ گھریلوملازمت، تعمیراتی صنعت اور زراعت سے وابستہ افراد پرائیویٹ سیکٹر کے زمرے میں آتے ہیں جب کہ 40 لاکھ افراد ریاستی حکام کے ہاتھوں جبری مشقت کرنے پر مجبور ہیں۔