اسرائیلی فورسز کی صمود فلوٹیلا پر فائرنگ، 100 رضاکار گرفتار، سعد ایدھی بھی شامل

شاید یہ ہماری آخری اپڈیٹ ہو، مشن کو راستے میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے:سعد ایدھی کا پیغام‘فیصل ایدھی کا پاکستانی حکام سے رابطہ
کراچی(آئی این پی)غزہ کے لیے امدادی مشن پر جانے والی گلوبل صمود فلوٹیلا سے متعلق تشویشناک اطلاعات سامنے آئی ہیں، ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کے بیٹے سعد ایدھی نے سوشل میڈیا پر ہنگامی پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بحیرہ روم میں فلوٹیلا کو سمندر میں روک لیا گیا جبکہ ایک کشتی پر فائرنگ بھی کی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج نے 100 سے زائد رضاکاروں کو حراست میں لے لیا ہے۔ترجمان ایدھی فائونڈیشن کے مطابق غزہ کے لیے انسانی امداد لے کر روانہ ہونے والے گلوبل صمود فلوٹیلا مشن کے دوران سعد ایدھی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ شاید ہماری آخری اپڈیٹ ہو، انہوں نے بتایا کہ مشن کو راستے میں شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ سعد ایدھی سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کے بعد صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔ادھر فیصل ایدھی نے اس معاملے پر پاکستانی اعلی حکام سے فوری رابطہ کیا ہے تاکہ مشن میں شامل افراد کی حفاظت اور صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکیں۔