اسرائیلی فوج کا’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر حملہ

 بحری قافلے کو اسرائیلی فوج نے گھیرے میں لے لیا ،سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی سوار،40 سے زائد کشتیاں، 500 سے زیادہ افراد سوار ہیں
 لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ کی طرف امداد لے کر جانے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ پر حملہ کردیا ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ کے محصور عوام کے لیے امدادی اشیا اور ادویات لے کر جانے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ نامی بحری قافلے کو اسرائیلی فوج نے گھیرے میں لے لیا ہے۔فلوٹیلا کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز قافلے کے ایک جہاز پر سوار ہو گئی ہیں اور جہاز پر موجود تمام افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔گلوبل صمود فلوٹیلا 40 سے زائد کشتیوں پر مشتمل ہے اور قافلے میں 500 سے زیادہ افراد سوار ہیں جن میں سابق سینیٹر مشتاق احمد بھی شامل ہے۔گلوبل صمود فلوٹیلا امدادی سامان لے کر غزہ کی طرف گامزن ہے، فلوٹیلا میں شامل کشتیوں پر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا گیا۔برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق انسانی ہمدردی پر مبنی گلوبل صمود فلوٹیلا غزہ کے ساحل سے 90 ناٹیکل میل دور ہیرپورٹس کے مطابق صمود فلوٹیلا کی متعدد کشتیوں کے لائیو فیڈ اچانک بند ہوگئے ہیں، جبکہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ اسرائیلی بحریہ کی کارروائی کے نتیجے میں ہوا ہے۔اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ گلوبل صمود فلوٹیلا کو راستہ بدلنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ اسرائیلی بحریہ صمود فلوٹیلا کے قریب پہنچ گئی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے خبردار کیا ہے کہ فلوٹیلا وار زون میں داخل ہو رہا ہے۔اس قافلے میں 40 سے زیادہ کشتیاں اور قریباً 500 افراد شریک ہیں