روم (آئی این پی )اٹلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی امدادی قافلے کو بحری جہاز کے ذریعے غزہ پہنچانے کی نگرانی روک دے گا۔ اس فیصلے سے امدادی کشتیوں کو اسرائیلی افواج کے خطرے کا سامنا کرنا پڑے گا۔گلوبل صمود فلوٹیلا میں 40 سے زیادہ کشتیوں پر 500 سے زائد افراد سوار ہیں، جن میں پارلیمنٹ کے اراکین، وکلا، اور سویڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ شامل ہیں۔ ان کا مقصد غزہ پر اسرائیلی ناکہ بندی کو توڑنا ہے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق اٹلی کے ڈیفینس منسٹر نے کہا کہ اٹلی کا جنگی جہاز غزہ کے ساحل سے تقریبا 150 ناٹیکل مائلز (278 کلومیٹر) دور پہنچنے پر اپنی نگرانی ختم کر دے گا۔ اٹلی نے فلوٹیلا کے ارکان سے ایک معاہدے کی پیشکش قبول کرنے کا کہا ہے جس میں امداد سائپرس کی بندرگاہ پر پہنچائی جائے تاکہ اسرائیلی افواج سے ٹکرا ئو سے بچا جا سکے۔ لیکن فلوٹیلا نے یہ پیشکش مسترد کر دی ہے۔