دنیا کی اب تک کی قدیم ترین چیونٹی کی باقیات شمالی برازیل میں دریافت

دنیا کی اب تک کی قدیم ترین چیونٹی کی باقیات شمالی برازیل میں دریافت

سائنسدانوں نے دنیا کی قدیم ترین چیونٹی کی باقیات دریافت کی ہیں جو تقریباً 101.3 ملین سال پرانی ہے۔

 یہ تاریخی دریافت شمال مشرقی برازیل کے علاقے Ceará میں ہوئی ہے۔ اس نئی دریافت شدہ چیونٹی کو Vulcanidris cratensis کا نام دیا گیا ہے۔یہ چیونٹی معدوم ذیلی خاندان Haidomyrmecinae سے تعلق رکھتی ہے، جنہیں عام زبان میں "ہیل چیونٹیاں" کہا جاتا ہے۔ اس چیونٹی کی لمبائی تقریباً 1.35 سینٹی میٹر ہے اور اس کے جبڑے درانتی نما ہوتے ہیں جو اوپر کی طرف کھلتے تھے، جن کا استعمال شکار کو چیرنے یا چھیدنے کے لیے کیا جاتا تھا۔مزید دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ چیونٹی پروں والی تھی، جس کا مطلب ہے کہ یہ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ اس کے علاوہ اس میں ڈنک بھی تھا جو شکار کرنے میں مدد دیتا تھا۔

یہ دریافت اس لحاظ سے منفرد ہے کہ "ہیل چیونٹی" کی باقیات پہلی بار چٹان میں محفوظ ملیں، جب کہ اس سے پہلے ایسی باقیات صرف عنبر (amber) میں دریافت ہوئی تھیں جو تقریباً 99 ملین سال پرانی تھیں۔ اس سے چیونٹیوں کی ارتقائی تاریخ کم از کم 13 ملین سال مزید پیچھے چلی گئی ہے، جو حیاتیات اور ارتقاء کے میدان میں ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ دریافت سائنسدانوں کو قدیم دور کے حشرات کے بارے میں نئی معلومات فراہم کرے گی اور ارتقائی عمل کو بہتر سمجھنے میں مددگار ثابت ہوگی۔