ویب ڈیسک: ماہرینِ متحجرات نے جنوبی پیٹاگونیا کے کوریلو فارمیشن سے ایک خوفناک مگرمچھ نما جانور Kostensuchus atrox کی باقیات دریافت کی ہیں جو تقریباً 70 لاکھ سال قبل موجود تھا اور ڈائنوسار کے ساتھ تعلق رکھتا تھا۔
تحقیقی ماہرین کے مطابق یہ جانور تقریباً 3.5 میٹر (11.5 فٹ) لمبا اور 250 کلوگرام (550 پاؤنڈ) وزنی تھا۔ اس کا مُنہ چوڑا جبکہ جبڑا مضبوط اور تیز دھار دانتوں سے بھرا ہوا تھا جو گوشت کو با آسانی چیرنے اور کاٹنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ یہی خصوصیات اسے ایک حقیقی گوشت خور اور خطرناک شکاری بناتی تھیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کی ٹانگیں سیدھی اور طاقتور تھیں جو شکار کا تعاقب کرنے اور اچانک حملہ کرنے کے لیے نہایت موزوں تھیں۔ قیاس ہے کہ یہ جانور درمیانے یا چھوٹے ڈائنوسارز کو بھی نشانہ بناتا تھا۔
تحقیقات کے مطابق کوریلو فارمیشن اس دور میں ایک منفرد ایکو سسٹم تھا جہاں موسمی طور پر مرطوب اور گرم حالات پائے جاتے تھے۔ اس خطے میں پانی سے بھرے نشیبی علاقے موجود تھے جہاں ڈائنوسار، سمندری کچھوے، مینڈک اور دیگر ممالیہ حیات بسر کرتے تھے۔ماہرین کے مطابق Kostensuchus atrox اس علاقے کا ایک غالب شکاری تھا اور اس کی موجودگی نے اس وقت کے ماحولیاتی توازن اور ایکو سسٹم کے ڈھانچے پر گہرا اثر ڈالا۔