نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اہم سفارتی دورے پر چین پہنچ گئے، جہاں وہ پاک بھارت حالیہ کشیدگی سمیت خطے کے بدلتے حالات پر چینی قیادت سے مشاورت کریں گے۔
نائب وزیراعظم کے خصوصی طیارے نے چینی دارالحکومت بیجنگ میں لینڈ کیا، جہاں چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اسحاق ڈار کے ہمراہ وزارت خارجہ اور دیگر اہم اداروں کے اعلیٰ افسران بھی موجود ہیں۔اسحاق ڈار اپنے چینی ہم منصب وانگ ای سے بیجنگ میں ملاقات کریں گے، جو پاک بھارت سیز فائر کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کی پہلی ملاقات ہو گی۔ ملاقات میں علاقائی و عالمی صورتحال، امن و استحکام اور اقتصادی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ "چین کا یہ دورہ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح روابط کے تسلسل کا حصہ ہے۔ ملاقات میں جنوبی ایشیا کی صورتحال اور خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت ہوگی۔"چین کے اس دورے کو موجودہ علاقائی تناؤ اور عالمی طاقتوں کے درمیان بدلتے سفارتی توازن کے تناظر میں نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔