نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس کا مقصد علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ترکی کے وزیر خارجہ حاکان فیدان سے بات چیت میں باہمی دلچسپی کے امور اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے تعاون، ہم آہنگی اور خطے میں استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔اسی طرح، اسحاق ڈار نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقی سے بھی رابطہ کیا۔ گفتگو کے دوران دونوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی صورتحال، سفارتکاری کی اہمیت اور باہمی تعلقات کے فروغ پر بات کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال عباس عراقچی نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں انہوں نے صدر مملکت، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سمیت اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کی تھیں۔ اس دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اقدامات پر بات کرنا تھا۔یہ رابطے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے تسلسل اور خطے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔