ای چارجنگ اسٹیشنز سولر پاور سے چلانے کا فیصلہ

ای چارجنگ اسٹیشنز سولر پاور سے چلانے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں صوبے میں ماس ٹرانزٹ سسٹمز اور ماحولیاتی دوست سفری سہولیات کے فروغ سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

 اجلاس میں ییلو لائن ماس ٹرانزٹ سسٹم کی فزیبلٹی اسٹڈی رپورٹ پیش کی گئی جبکہ ایکو فرینڈلی ای-ٹیکسی پراجیکٹ کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں ای-ٹیکسی کے مالیاتی ماڈل کی اصولی منظوری دی گئی اور 1100 ای ٹیکسیز پر مشتمل پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ای چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے سولر پاور سسٹم استعمال کیا جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی سے بچا جا سکے اور توانائی کی بچت ہو۔پراجیکٹ کے تحت حکومت پنجاب کی جانب سے ای ٹیکسی سکیم میں سبسڈی بھی فراہم کی جائے گی۔ مزید برآں، پٹرول پمپس کے ساتھ چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا تاکہ شہریوں کو سہولت میسر آ سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں جناح ٹرمینل تا ہربنس پورہ "ییلو لائن" پراجیکٹ پر جلد کام شروع کرنے کا حکم دیا اور اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔اجلاس میں گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے مزید روٹس پر رپورٹ طلب کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ روٹس کا تعین عوامی ضرورت اور سہولت کے مطابق کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں۔یہ اقدامات وزیراعلیٰ کے ماحولیاتی تحفظ، جدید سفری سہولیات اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے وژن کا حصہ ہیں۔