وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخطیر کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور قطر کے مابین دو طرفہ تعلقات اور اہم عالمی و خطے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں محسن نقوی نے اپنے حالیہ دورہ قطر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اس دوران قطر کے وزیر اعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی، جہاں دونوں ممالک نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے خاص طور پر انسداد منشیات، انسداد دہشتگردی، سیکورٹی تعاون اور تربیتی پروگرامز جیسے اہم موضوعات پر بات چیت کی۔محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ حالیہ سیز فائر کی صورتحال کو خوش آئند قرار دیا اور امن کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔قطر کے سفیر نے بھی پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات کو سراہا اور کہا کہ قطر پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے۔
انہوں نے فالواپ وزٹ پر جلد پاکستان آنے کا بھی اعلان کیا، جبکہ وفاقی سیکرٹری داخلہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی جلد قطر کا دورہ کرے گا، جس میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے سربراہ شامل ہوں گے۔ملاقات کے دوران وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ دونوں طرف سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کے لیے تعاون کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا۔یہ ملاقات دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے حوالے سے ایک مثبت قدم سمجھی جا رہی ہے۔