شہر میں 18مقامات پرٹائر کلرز لگائے گئے جو5ماہ میں غائب ہو گئے، ادارے ٹریفک پرقابو پانے میں ناکام
لاہور (کرائم رپورٹر)ٹریفک حادثات میں اضافہ ،ٹیپا اور ٹریفک پولیس کے 18 مقامات پر لگے ٹائر کلرز صرف پانچ ماہ میں غائب ہوگئے، تین کروڑ 74 لاکھ روپے کا نقصان، منصوبے ناکام ،شہر کے تمام ادارے ٹریفک قابو پانے میں ناکام ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لیے این جے بیریئر لگانے کا منصوبہ بھی ناکامی سے دوچار ہو گیا۔عارضی طور پر لگائے گئے این جے بیریئرز کو اب خود ٹریفک پولیس ہی ہٹوا رہی ہے، جس سے منصوبے کی سنجیدگی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔نہ کوئی جوابدہ، نہ کوئی پوچھنے والا۔نہ صرف منصوبہ ناکام ہوا، بلکہ عوامی پیسے کا ضیاع بھی سامنے ا? گیا۔شہر کے جن جن مقامات پر یہ ٹائر کلرز نصب کیے گئے تھے، وہاں اب ان کا کوئی نشان نہیں ملتا۔ اچھرہ، قرطبہ چوک، ایل او ایس، شمع جنکشن، سکیم موڑ، بجلی گھر، بانساں والا بازار، دو موریہ پل، اکبری منڈی، میو ہسپتال، پی آئی سی، شادمان اور ظفر علی روڈ سمیت دیگر مقامات پر لگے ٹائر کلرز یا تو ہٹا دیے گئے یا خود بخود غائب ہو گئے۔