18 مقامات سے مہنگے ٹائر کلرز غائب

 اچھرہ، قرطبہ چوک، ایل او ایس اور شمع جنکشن پر لگے ٹائر کلرز مکمل طور پر غائب ہو گئے ،5ماہ میں ہی وجود نہیں رہا 
لاہور ( کرائم رپورٹر )لاہور میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کا بڑا منصوبہ صرف چند مہینوں میں ہی ناکام ہو گیا ہے۔شہر کے 18 مقامات پر لگائے گئے مہنگے ٹائر کلرز غائب ہو چکے ہیں تفصیلات کے مطابق لاہور میں ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ون وے خلاف ورزی روکنے کے لیے بنایا گیا منصوبہ اب مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ ٹیپا کی جانب سے شہر کے 18 اہم مقامات پر ٹائر کلرز نصب کیے گئے تھے، مگر حیرت انگیز طور پر صرف پانچ ماہ کے اندر ہی ان کا کہیں کوئی وجود باقی نہیں رہا۔تین کروڑ چوہتر لاکھ پچاس ہزار روپے کی خطیر رقم سے لگایا گیا یہ منصوبہ چند ماہ کے اندر زمین بوس ہو گیا۔ مقصد تھا ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانا، حادثات میں کمی لانا اور شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا، لیکن نتیجہ یہ نکلا کہ پورا منصوبہ کاغذی کارروائی ثابت ہوا۔شہر کے بڑے چوکوں اچھرہ، قرطبہ چوک، ایل او ایس اور شمع جنکشن پر لگے ٹائر کلرز مکمل طور پر غائب ہو گئے۔ سکیم موڑ جنکشن، بجلی گھر ملتان چونگی، بانساں والا بازار اور دو موریہ پل تک کسی مقام پر منصوبے کا کوئی نشان ماضی کی طرح باقی نہیں۔