جناح ہائوس حملہ:شاہ محمود ، اعجاز چودھری ودیگرفرد جرم کیلئے طلب

5 اکتوبر کیسز،سلمان اکرم، شبیر گجر کی ضمانتیں کنفرم ،علیمہ ، عظمیٰ کی ضمانت میں توسیع 
8فروری احتجاج کیس میں عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت میں 26 مئی تک توسیع دیدی گئی 
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنمائوں کیخلاف انسداد دہشتگردی عدالتوں میں 9 مئی جلائوگھیرائو ودیگر کیسز کی سماعت ، شاہ محمود قریشی ، سینیٹر اعجاز چودھری ودیگرملزم فرد جرم کیلئے طلب جبکہ متعددکی ضمانتوں میں توسیع کردی گئی۔ انسداد دہشتگردیعدالت لاہور نے جناح ہائوس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی ، سینیٹر اعجاز چودھری سمیت 266 ملزموں کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے 24 مئی کو طلب کرلیا۔ہفتہ کو خصوصی عدالت کے جج منظر گل نے کوٹ لکھپت جیل میں 9 مئی کے کیسز پر سماعت کی۔عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں شاہ محمود،یاسمین راشد سمیت 266 ملزموں کو چالان کی کاپیاں تقسیم کردیں۔عدالت نے عالیہ حمزہ ایک روز ہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی جبکہ کلمہ چوک پل پر جلا ئوگھیرائو کیس میں مزید ایک گواہ کے بیان پر جرح مکمل کر لی۔ انسداد دہشتگردی عدالت لاہورکے جج ارشد جاوید نے 5 اکتوبر کو جلائو گھیرائو کے دو کیسز میں سلمان اکرم راجہ اور شبیر گجر کی عبوری ضمانتیں کنفرم جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 30مئی تک توسیع کر دی۔ سماعت پرعلیمہ خان عدالت پیش نہ ہوئیں ، وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی جو عدالت نے منظورکرلی۔پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرام راجہ ودیگر ملزم ضمانتوں کی معیاد ختم ہونے پر پیش ہوئے ،عدالت نے سلمان اکرم کی عبوری ضمانت کنفرم کردی جبکہ پولیس سے رپورٹ طلب کرکے دیگرکی ضمانتوں میں 30مئی تک توسیع کردی۔انسداد دہشتگردی عدالت لاہورنے8فروری کو احتجاج کیس میں عالیہ حمزہ کی عبوری ضمانت میں 26 مئی تک توسیع کردی۔ عدالتی کاررروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عالیہ حمزہ نے کہا ہم دو سال سے تکالیف برادشت کررہے ہیں ،انڈیا سے سیز فائر کے بعد اب 25 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کیساتھ سیز فائر بھی ہونا چاہیے تاہم حالات مذکرات کی طرف اشارہ نہیں کرتے، رہنمائوں سے ملاقاتیں نہیں ہونے دی جارہیں،ایف آئی آر پر ایف آئی آرز کرائی جا رہی ہوں،ہم تو سٹرکوں پر ہی ہوتے ہیں ،احتجاجی تحریک پر سنجیدگی سے کام شروع ہوچکا ہے ،پی ٹی آئی کی خیبر پختونخوا میں احتجاجی تحریک شروع کرنے بارے میٹنگ بھی ہوچکی ہے ، مریم نواز کو کہنا چاہتی ہوں نواز شریف ایک بار مودی کا نام لیکر بات کرکے دکھائیں ، وہ زبردستی کسی اور کو کریڈٹ دینا چاہ رہی ہیں،جنگ کا کریڈٹ جسکا ہے اسکو دینا چاہیے،مریم نواز کی کارکردگی ٹک ٹاک اوراشتہارات پر ہے، یہ2 روپے پٹرول کم کرکے 98 روپے اپنی جیب میں ڈال لیتے ہیں،ججز کو قوم کیلئے کھڑا ہونا پڑیگا۔