یاسمین راشد، عمر سرفراز ، اعجاز چودھری ، محمود الرشید کو بھی طلب کر لیا
تھانہ جلانے کا مقدمہ ، فرد جرم میں ترمیم کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور( کرائم رپورٹر)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور محمود الرشید سمیت دیگر ملزموں کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے6 مارچ کو طلب کر لیا۔عدالت کے جج منظر علی گل نے لاہور کی سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سماعت کی،شاہ محمود ، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری اور محمود الرشید کو عدالت کے روبرو پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگائی گئی جبکہ برضمانت عالیہ حمزہ، صنم جاوید، روبینہ جمیل اور معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ بھی جیل میں پیش ہوئیں،پی ٹی آئی رہنمائوں پر کارکنوں کو بغاوت اور فسادات پر اکسانے کا الزام ہے اور ان کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے،دریں اثنا اسی عدالت نے شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین ، عمر سرفراز ، اعجاز چودھری اور محمود الرشید سمیت دیگر ملزموں کے خلاف تھانہ شادمان کو جلانے کے الزام میں درج مقدمے میں فرد جرم میں ترمیم کی حکومتی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل کے روبرو پراسیکیوشن نے مقدمے میں دفعات کی تبدیلی کے باعث فرد جرم میں ترمیم کی درخواست دائر کی ہے،ملزموں کے وکلا نے درخواست پر دلائل مکمل کیے،کیس میں عالیہ حمزہ، صنم جاوید، خدیجہ شاہ، طیبہ راجہ، اور روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔