علی امین کی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت، اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل حکام سے جواب طلب کر لیا

علی امین کی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت، اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل حکام سے جواب طلب کر لیا

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر جیل حکام سے جواب طلب کر لیا ہے۔

یہ معاملہ توہین عدالت کیس کے تحت زیر سماعت ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈا پور کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے ستمبر اور اکتوبر 2024 کے آرڈرز کے باوجود ملاقات نہیں کروائی گئی۔ وکیل نے کہا کہ عدالت نے ملاقات کا حکم دیا تھا کہ یہ ملاقات کوآرڈینیٹر کے ذریعے کرائی جائے، لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ 2024 کے آرڈرز کی بات کر رہے ہیں جبکہ اب 2025 ہے، اگر کوآرڈینیٹر نے حکم کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے سخت ریمارکس دیے کہ اگر غلط بیانی ثابت ہوئی تو درخواست گزار کو جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

وکیل نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے درخواست گزار اڈیالہ جیل گئے لیکن ملاقات نہیں ہو سکی۔عدالت نے جیل حکام سے جواب طلب کر کے سماعت ملتوی کر دی ہے، اور آئندہ سماعت کی تاریخ بعد میں جاری کی جائے گی۔یہ کیس وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اور سابق وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات نہ کروانے کے حوالے سے قانونی تنازعے کی نشاندہی کرتا ہے، جس میں عدالت نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے حکام کو جوابدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔