وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج صبح مارگلہ روڈ پر زیر تعمیر شاہین چوک انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے جاری تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کا تفصیل سے جائزہ لیا۔محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے ورک فورس میں اضافہ کرنے کا بھی حکم دیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انڈر پاس کی تکمیل سے مارگلہ روڈ پر روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہریوں کو ٹریفک جام سے نجات ملے گی، اور علاقے میں موجود تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے مطابق، اس وقت پراجیکٹ کے 85 گارڈر نصب کیے جا چکے ہیں، پری کاسٹ پلینگ کا کام مکمل ہو چکا ہے، ریٹیننگ وال اور ریمپ کی تعمیر جاری ہے، اور منصوبہ مقررہ ٹائم لائن کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔