حکومتی کوششوںسے ملکی معیشت بہتر ہوئی ،بجٹ میں عوام کیلئے خوشخبری ہو گی: رانا ثناء

 معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی سربراہی میں محنت کی ہے، آنیوالے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا،مشکل کے دور میں ساتھ دینے پر عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں
 بجٹ سے متعلق سب سے مشاورت کر رہے ہیں،مشیروزیراعظم کی گورنر ہائوس سندھ میں کامران ٹیسوری اورایم کیوایم کے رہنمائوںسے ملاقات ،میڈیاسے مشترکہ گفتگو
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور مسلم لیگ( ن) کے مرکزی رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہماری معاشی ٹیم نے وزیراعظم کی سربراہی میں محنت کی ہے، جو بجٹ آنے والا ہے اس میں عام آدمی کے لیے خوش خبری ہو گی۔ مسلم لیگ( ن) کے وفاقی وزراء پر مشتمل وفد گورنر ہائوس کراچی پہنچا، جہاں گورنر سندھ اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنمائوں سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ( ن) کے وفد اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کے دوستوں سے ملاقات ہوئی ہے، ہم نے تاجروں سے بھی ملاقات کی ہے، اب کوشش ہے کہ عوام کو بجٹ میں خوش خبری دیں، حکومت کی کوششوں سے ملکی معیشت بہتر ہوئی ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ وفاقی وزراء اور ایم کیو ایم پاکستان کا شکر گزار ہوں، تمام فورسز کے سربراہوں، وزیرِ اعظم اور نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ گورنر صاحب اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے زور دیا کہ عام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ جس پر رانا ثناء نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا، پاکستان معاشی بحران سے نکل آیا ہے۔فاروق ستار نے بھی تائید کرتے ہوئے کہا کہ معاشی حالات بہتر ہوئے ہیں۔ رانا ثناء کا کہنا ہے کہ مشکل کے دور میں ساتھ دینے پر عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف ملے گا، آئندہ بجٹ میں ملک کے لیے بہتر ہو گا، بجٹ سے متعلق سب سے مشاورت کر رہے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں ڈائریکٹ ٹیکس کے معاملے کو بھی وسیع کرنا ہے، کراچی اور حیدر آباد سے متعلق ترقیاتی کاموں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے، ان شاء اللہ اگلے سال دسمبر تک کے فور منصوبہ مکمل ہو جائے گا، کراچی میں بڑا مسئلہ نکاسی اور سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کا ہے اسے حل کیا جائے گا۔