غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد،ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہیں: رانا تنویر

 کینیڈا کے ساتھ زرعی اور غذائی تحفظ میں شراکت داری سے پاکستان کی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ حاصل ہوگا: وفاقی وزیر
 اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور کینیڈا کے درمیان زرعی تعاون کے فروغ پر اتفاق رائے طے پاگیا ہے۔ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل(ایس آئی ایف سی)  زرعی شعبہ میں ترقی اور جدت کیلئے کوشاں ہے۔ وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ رانا تنویر اور کینیڈین ہائی کمشنر طارق علی زرعی تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔پاکستان اور کینیڈا نے ہائبرڈ بیج، لائیو اسٹاک کی افزائش اور فیڈ فارمولیشن میں تعاون بڑھانے پر غور کیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں زرعی مشینری کی مقامی تیاری کیلئے مشترکہ منصوبوں کی بھی تجاویز دیں۔کینولا کی کاشت سے زرعی پیداوار میں جدت، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور عالمی مارکیٹوں تک رسائی ممکن ہوگی، کینیڈا کے ساتھ زرعی اور غذائی تحفظ میں شراکت داری سے پاکستان کی برآمدات کو عالمی سطح پر فروغ حاصل ہوگا۔پاکستان اور کینیڈا نے سرٹیفکیشن، مارکیٹ تک رسائی اور تکنیکی تعاون کیلیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔ ایس آئی ایف سی کی موثر پالیسیاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد حاصل کر کے ملکی معیشت کو مزید مستحکم کرنے میں کوشاں ہیں۔