سینٹر کے عملے کوتشدد کانشانہ بنایاگیا،شدید توڑ پھوڑ کے دوران زیرعلاج منشیات کے عادی مریض فرارہوگئے
کراچی(آئی این پی)کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں مشتعل افراد نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے قائم ری ہیب سینٹر پر حملہ کر دیا، شدید توڑ پھوڑ کے بعد زیر علاج 125افراد فرار ہوگئے۔تفصیل کے مطابق مشتعل افرار نے اورنگی ٹائون میں قائم سن شائن ری ہیب سینٹرپر دھاوا بولا، سینٹر کے عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسی اثنا میں ادارے میں زیر علاج تمام منشیات کے عادی افراد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر بھی حملہ کیا جس میں پولیس موبائل کو شدید نقصان پہنچا۔ متاثرہ ری ہیب سینٹر سندھ پولیس کے افسر عبد الخالق انصاری کے زیرِ انتظام چلایا جا رہا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی۔دوسری جانب ایس ایچ او مومن آباد معراج انور کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ کارروائی منشیات فروشوں کی جانب سے نہیں علاقہ مکینوں کی طرف سے کی گئی، جو نشے کے عادی افراد کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا تھے۔