لاہور سمیت پنجاب بھر میں سورج آگ برسانے لگا

آئندہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم ، جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید گرم رہے گا ،محکمہ موسمیات
 خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر شام یا رات کے وقت تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے
لاہور(آئی این پی )محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں شدید گرم رہے گا، بالائی پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر شام یا رات کے وقت تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مزید گرم رہنے کا امکان ہے۔لاہور سمیت پنجاب بھر میں سورج آگ برسانے لگا جبکہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث شہری شدید گرمی سے پریشان ہوگئے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 35 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔شدید گرمی اور تپتی دھوپ کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں تک محدود رہنے کو ترجیح دی جبکہ سڑکوں اور بازاروں میں معمول سے کم رش دیکھنے میں آیا۔ ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں بھی موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے جبکہ گرمی کی شدت 43 سے 46 ڈگری تک محسوس کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، مغربی سمت سے 19 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔