لاہور سمیت پنجاب بھر میں سورج آگ برسانے لگا

این ڈی ایم اے کی کل سے 22مئی تک بارش ، ژالہ باری کی پیشگوئی
جنوبی وزیرستان میں طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی
لاہور، جیکب آباد، ڈی آئی خان (کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹ)پنجاب بھر میں خشک اور گرم موسم نے شدت اختیار کرلی ،سورج آگ برسانے لگا ، صوبائی دارالحکومت لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شدید گرمی اور تپتی دھوپ کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں تک محدود رہنے کو ترجیح دی جبکہ سڑکوں اور بازاروں میں معمول سے کم رش دیکھنے میں آیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور مزید گرم رہنے کا امکان ہے۔ جیکب آباد میں شدید گرمی کی لہر برقرار، پارہ 46 ڈگری تک پہنچ گیا، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ہیٹ ویو سے شہری پریشان، محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرمی کا یہ سلسلہ آئندہ کئی روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کل (منگل)19سے 22مئی تک آندھی، بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے۔ ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بادل برسیں گے البتہ سندھ بھر میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل طوئی خلہ میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، بارشوں سے بڑے پیمانے پر فصلیں تباہ ہوگئیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ گندم کی تیار فصلوں سمیت کپاس، ٹماٹر، مونگ پھلی اور دیگر فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔متاثرین نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر جلد مالی امداد اور ریلیف فراہم کیا جائے۔