فتح میزائلوں نے دشمن پر ہیبت طاری کی، نام نہاد طاقت پاش پاش ہوگئی: محسن نقوی

پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،دشمن اب کوئی بھی مس ایڈونچر سے قبل سو بار سوچے گا،کشیدہ صورتحال میں پاکستانی قوم کندن بن کر نکلی ،وزیرداخلہ  
طاقتور دشمن کو پاکستانی قوم نے آہنی یکجہتی سے عبرتناک شکست دی،عظیم فتح پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں، مولانا محمد رضا ثاقب مصطفائی سے ملاقات میں گفتگو
گوجرانوالہ(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فتح میزائلوں نے دشمن پر ہیبت طاری کر دی اور نام نہاد طاقت پاش پاش ہوگئی،دشمن اب کوئی بھی مس ایڈونچر سے قبل سو بار سوچے گا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں مرکز مصطفے کا دورہ کیا اور مختلف سیکشن دیکھے۔محسن نقوی کی مرکز مصطفے کے سرپرست اعلی مولانا محمد رضا ثاقب مصطفائی سے ملاقات ہوئی۔ انہوں نے دین اسلام کی خدمت میں مرکز مصطفے کے مثالی کردار کو سراہا اور طلبا کے مثبت کردار کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ کشیدہ صورتحال میں پاکستانی قوم کندن بن کر نکلی ہے، طاقتور دشمن کو پاکستانی قوم نے آہنی یکجہتی سے عبرتناک شکست دی۔ عظیم فتح پر اللہ تعالی کا شکر بجا لاتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن اب کوئی بھی مس ایڈونچر سے قبل سو بار سوچے گا۔اس موقع پر مولانا محمد رضا ثاقب مصطفائی نے کہا کہ پاکستانی قوم داندن شکن جواب چاہتی تھی جو ہماری بہادر مسلح افواج نے دیا۔ قوم نے مثالی جرات اور بے خوفی کا مظاہرہ کیا اور اللہ تعالی کی مدد شامل حال رہی۔سرپرست اعلی مرکز مصطفے مولانا محمد رضا ثاقب مصطفائی نے دعا خیر کروائی۔ ملک کی سالمیت، استحکام اور ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔