سانحہ جعفر ایکسپریس پر نام نہاد بلوچ قوم کے رہنمائوں کی خاموشی معنی خیز : خرم دستگیر

 جو لوگ باہربیٹھے ہیں وہ اس بات کو واضح کریں کہ وہ ہر قسم کی دہشتگردی اور تشدد سے اپنا تعلق توڑ رہے ہیں
اسلام آباد (آئی این پی )مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ نام نہاد بلوچ رہنما واضح کریں کہ وہ ہر قسم کی دہشتگردی اور تشدد سے اپنا تعلق توڑ رہے ہیں،سانحہ جعفر ایکسپریس پر نام نہاد بلوچ قوم کے رہنمائوں کی خاموشی معنی خیز ہے۔ایک انٹرویو میں خرم دستگیر نے کہا کہ جعفر ایکسپریس سانحے کے بعد جن پاکستانیوں کے ذہنوں میں یہ بات تھی کہ یہ ناراض لوگ ہیں اور حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں ان کے دلوں میں بات واضح ہوجانی چاہیے کہ یہ لوگ پاکستان اور بلوچستان کے خیرخواہ نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیک وقت انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچانا، اغواء اور قتل پوری دنیا میں تشویشناک سمجھا جاتا ہے اور پھر ایسی تنظیموں پر ریاست کے تمام وسائل انہیں ختم کرنے کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں۔خرم دستگیر نے کہا کہ باہر جو لوگ بیٹھے ہیں اور جو جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر سے چند میل دور رہتے ہیں ، وہ اس بات کو واضح کریں کہ وہ ہر قسم کی دہشتگردی اور تشدد سے اپنا تعلق توڑ رہے ہیں، اگر وہ خاموش رہتے ہیں خاص طور پر وہ لوگ جو حال ہی میں بلوچ قوم کے نام نہاد رہنما بن کر سامنے آئے، ان کی معنی خیز خاموشی رہی ہے۔