بہار کی چھٹیوں میں چینی یونیورسٹی کی طلبہ سے انوکھی فرمائش

بہار کی چھٹیوں میں چینی یونیورسٹی کی طلبہ سے انوکھی فرمائش

چین کی ایک یونیورسٹی نے طلبہ کو اسپرنگ بریک کے دوران پھولوں کو دیکھنے اور رومانوی لمحات سے لطف اندوز ہونے کی ترغیب دی ہے، جسے مقامی سطح پر غیر معمولی ہدایت سمجھا جا رہا ہے کیونکہ چین میں عموماً تعلیمی کارکردگی کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔

یہ ہدایت جنوب مغربی صوبہ سیچوان میں واقع سِچوان ساؤتھ ویسٹ ووکیشنل کالج آف ایوی ایشن نے اپنے آفیشل وی چیٹ اکاؤنٹ کے ذریعے جاری کی ہے۔ نوٹس کے مطابق یکم اپریل سے 6 اپریل تک ہونے والی بہار کی تعطیلات کا موضوع "پھولوں کو دیکھیں اور رومانوی لمحات سے لطف اٹھائیں" رکھا گیا ہے۔ اس میں اساتذہ اور طلبہ سے کہا گیا کہ وہ کتابوں سے ہٹ کر دیگر سرگرمیوں میں حصہ لیں اور اپنی روزمرہ زندگی میں خوشگوار لمحات تلاش کریں۔یہ اقدام چین کی حکومت کی وسیع پالیسی کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جس کا مقصد شادیوں کی شرح بڑھانا اور ملکی سطح پر کھپت (کنزمپشن) کو فروغ دینا ہے۔

 حکومت امید رکھتی ہے کہ جب لوگ تعطیلات اور تفریحی سرگرمیوں میں وقت گزاریں گے تو نہ صرف ملکی اقتصادی سرگرمی میں اضافہ ہوگا بلکہ شرح پیدائش میں بھی بہتری آ سکتی ہے، جو اس وقت مسلسل کمی کا شکار ہے۔ساتھ ہی، کام کرنے والے افراد کے لیے بھی مختلف اوقات میں تنخواہ کے ساتھ چھٹیوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے تاکہ وہ غیر مصروف اوقات میں سفر کر سکیں اور تفریحی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں۔یہ ہدایت چین کی 1.4 ارب کی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی اور سماجی دونوں پہلوؤں سے اہم سمجھی جا رہی ہے۔