ایران نے پڑوسیوں کے ساتھ دشمنانہ رویہ اپنایا، فوجی کارروائی کا حق محفوظ:سعودی وزیر خارجہ

ایران نے پڑوسیوں کے ساتھ دشمنانہ رویہ اپنایا، فوجی کارروائی کا حق محفوظ:سعودی وزیر خارجہ

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایران کی جارحیت کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایران نے پڑوسی ممالک کے ساتھ دشمن جیسا رویہ اپنایا ہے۔

 ضرورت پڑنے پر سعودی عرب اپنا فوجی اقدام کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور ایرانی حملوں کے خلاف اس کا صبر لامحدود نہیں ہے۔ریاض میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ایران مسلسل شہری مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے، اور یہ دعویٰ کہ حملے امریکی فوجی اڈوں کی وجہ سے کیے جا رہے ہیں، ناقابل یقین ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے اپنے ہمسایہ ممالک پر حملوں کے نتائج ہوں گے اور یہ اقدامات تہران کو مزید تنہائی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران ہمسایہ ممالک کے ساتھ مکالمے پر یقین نہیں رکھتا اور دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن یہ دباؤ کامیاب نہیں ہوگا۔ مملکت اس دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی، بلکہ یہ دباؤ الٹا اثر ڈالے گا۔

انہوں نے کہا کہ سمندری راستوں کی آزادی کو درپیش کسی بھی خطرے کے لیے اجتماعی اقدامات ضروری ہیں، اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ایران کو اپنے پراکسی گروپس کی حمایت بند کرنی چاہیے۔ سعودی عرب کی اولین ترجیح یہ ہے کہ خلیجی ممالک پر ہونے والے حملے فوری طور پر بند ہوں، اور غیر متعلقہ پڑوسی ممالک پر حملے بھی روکیں جائیں۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے زور دیا کہ ہر ممکن ذریعہ استعمال کیا جائے گا تاکہ ایران کی جارحیت اور حملوں کو روکا جا سکے اور خطے میں امن و استحکام قائم رہے۔