واشنگٹن/جنیوا: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق بیانات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
فاکس نیوز سے گفتگو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایران کے ساتھ جوہری تنازع کا حل سفارتکاری کے ذریعے چاہتا ہے اور توقع ہے کہ ایرانی حکام آئندہ مذاکرات میں اس مؤقف کو سنجیدگی سے لیں گے۔جے ڈی وینس نے کہا:"صدر ٹرمپ سفارتی حل کو ترجیح دیتے ہیں، تاہم امریکہ کے پاس دیگر ممکنہ آپشنز بھی موجود ہیں۔"ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ایران اس وقت یورینیم کی افزودگی نہیں کر رہا، لیکن افزودگی کی صلاحیت حاصل کرنے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے بیلسٹک میزائل پروگرام پر مذاکرات نہ ہونے کو بڑا مسئلہ قرار دیا اور کہا کہ ایران بین البراعظمی بیلسٹک میزائل حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن اس موضوع پر بات چیت سے گریز کر رہا ہے۔دوسری جانب، امریکہ اور ایران کے وفود کے درمیان جوہری پروگرام پر مذاکرات کا تیسرا دور آج جنیوا میں متوقع ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ سفارتکاری کے ذریعے مسئلے کا حل چاہتے ہیں، تاہم تمام ممکنہ آپشنز میز پر موجود ہیں۔