80 سالہ جوڑے نے شادی کی سالگرہ منانے کا انوکھا طریقہ اپنایا

80 سالہ جوڑے نے شادی کی سالگرہ منانے کا انوکھا طریقہ اپنایا

گجرات سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے، ہرش اور مرڈو نے حال ہی میں اپنی شادی کی 64 ویں سالگرہ کو ایک منفرد اور یادگار انداز میں منایا۔

 اس جوڑے نے بالآخر اپنی شادی کی اصل تقریب کا تجربہ کیا، جس سے وہ چھ دہائیوں قبل محروم رہ گئے تھے کیونکہ انہوں نے چھپ کر بھاگ کر شادی کی تھی۔شادی کی اس تقریب میں جوڑے کے بچے اور پوتے پوتیاں بھی شریک ہوئے، اور تمام اہل خانہ نے اس خوشی کے موقع پر بھرپور حصہ لیا۔ ہرش اور مرڈو کا سفر 1960 کی دہائی کے اوائل میں شروع ہوا، جب بھارت میں بین ذات شادیوں کے خلاف سخت سماجی رکاوٹیں اور مخالفت تھی۔ہرش جین ذات سے تعلق رکھتے تھے جبکہ مرڈو برہمن ذات سے تھیں، دونوں اسکول میں ملے اور پھر خط و کتابت کے ذریعے رشتہ قائم کیا۔ تاہم، جب مرڈو کے گھر والوں کو ان کے تعلقات کا علم ہوا، تو انہوں نے اس کی سخت مخالفت کی۔

سماجی دباؤ اور مخالفت کے باوجود، ہرش اور مرڈو نے اپنے خاندانوں کے تعاون کے بغیر ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا اور خفیہ طور پر شادی کرلی۔ اس فیصلے کے باوجود ان دونوں کی محبت اور ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کا عزم مضبوط رہا، اور 64 سال بعد وہ اس لمحے کو دوبارہ منانے کے قابل ہوئے۔یہ کہانی نہ صرف محبت اور عزم کی ہے بلکہ یہ سماجی روایات اور ذات پات کی بندشوں کے خلاف ایک مضبوط پیغام بھی دیتی ہے۔