پاکستان افغانستان کو پُرامن اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے، افغان حکام پڑوسیوں کے سکیورٹی خدشات دور کریں: اسحاق ڈار

پاکستان افغانستان کو پُرامن اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتا ہے، افغان حکام پڑوسیوں کے سکیورٹی خدشات دور کریں: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کو ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم ملک کے طور پر دیکھنے کا خواہاں ہے، جو خطے کے وسیع تر معاشی اور علاقائی نظام کا حصہ بنے اور اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ امن و استحکام سے رہے۔

 افغان حکام بامعنی پیش رفت کے لیے پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات کو بھی دور کریں۔اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان علاقائی تعاون کو خوشحالی، امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے۔ علاقائی تعاون کی بنیاد خودمختار مساوات، عدم مداخلت، باہمی احترام اور مشترکہ تعاون کے اصولوں پر ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے باعث علاقائی تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

 خطے کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور دستیاب معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے باہمی روابط کو فروغ دینا ہوگا۔نائب وزیراعظم نے خطے کی منفرد جغرافیائی اہمیت اور مختلف شعبوں میں موجود وسیع امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تجارت اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے لیے مؤثر ٹرانسپورٹ راہداریوں، آسان اور مؤثر سرحدی طریقہ کار اور طے شدہ انتظامات کی ضرورت ہے۔ ان اقدامات سے رکن ممالک کے درمیان تجارتی روابط مضبوط اور علاقائی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے۔

ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس

دوسری جانب اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس شروع ہوگیا، جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ سطحی وفود شرکت کررہے ہیں۔ اجلاس میں تنظیم کے مستقبل کے لائحہ عمل، علاقائی اقتصادی تعاون اور مختلف ادارہ جاتی معاملات پر غور کیا جارہا ہے۔اجلاس کا اہم ایجنڈا ای سی او کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری ہے، جس کے تحت ای سی او وژن 2025 کی جگہ نئے اسٹریٹجک فریم ورک کو متعارف کرانے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اعلامیے کو حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، جس میں علاقائی تعاون کے مختلف شعبوں سے متعلق ترجیحات شامل ہوں گی۔اجلاس میں ای سی او کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد ایم خان کی سالانہ رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا، جبکہ تنظیم کے 2027 کے بجٹ کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔

ای سی او سائنس فاؤنڈیشن اور دیگر ادارہ جاتی امور

دستاویز کے مطابق اجلاس میں ای سی او سائنس فاؤنڈیشن کے صدر پروفیسر سید کمیل طیبی کی دوبارہ تقرری پر بھی غور کیا جائے گا، جبکہ ان کی توسیع یا دوبارہ تقرری کی منظوری متوقع ہے۔ ای سی او کی اعلیٰ سطحی کمیٹی (ایچ ایل سی) کی پہلی رپورٹ پر سفارشات اور تجاویز کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

اس موقع پر ای سی او معاہدوں پر دستخط کے لیے خصوصی تقریب منعقد ہوگی، جبکہ تنظیم کے مختلف اداروں اور علاقائی شراکت داروں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلیوبردی سمیت رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہانِ وفود اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

وزیراعظم سے ملاقاتیں اور آئندہ اجلاس کی میزبانی

ای سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشترکہ ملاقات بھی کریں گے۔ اس ملاقات کے بعد مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ کی دوطرفہ ملاقاتیں شیڈول ہیں، جن میں باہمی تعلقات اور علاقائی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دستاویز کے مطابق وزرائے خارجہ کونسل کا 31واں اجلاس 2027 میں پاکستان کی میزبانی میں ہوگا، جبکہ موجودہ اجلاس کے اختتام پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس بھی متوقع ہے۔