عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی کے لیے جامع پلان ترتیب دے دیا ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کے مطابق عید کے اجتماعات اور دیگر سرگرمیوں کی سکیورٹی کے لیے 9 ہزار سے زائد افسران اور جوان تعینات کیے جائیں گے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی، جبکہ مارکیٹوں میں ویمن پولیس اسکواڈ کی خصوصی ٹیمیں بھی موجود رہیں گی۔ سپروائزری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عید سے متعلق سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔
سی سی پی او لاہور نے مزید بتایا کہ ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں گی، اور شہر بھر میں سرچ، سویپ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز بھی جاری ہیں۔چاند رات کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑبازی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اور شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کے لیے عید محفوظ اور خوشگوار بنائی جا سکے۔