عدالت سے رجوع ،پولیس کو 2 مقدمات میں ملزم کی گرفتاری اور تفتیش کی اجازت مل گئی
تفتیش مکمل ہونے تک نہیں بتا سکتے ملزمہ کے پیچھے کون ہے؟ ایڈیشنل آئی جی کراچی
کراچی(آئی این پی )پولیس نے انمول عرف پنکی کے سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔ منشیات ڈیلر کوکین کوئین انمول عرف پنکی کی سہولت کاری کے معاملے میں کیس کی سماعت سٹی کورٹ(ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت)کراچی میں ہوئی، جس میں پولیس نے ملزمہ کے قریبی ساتھی کی گرفتاری اور تفتیش کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا ۔انمول عرف پنکی کی سہولت کاری کے معاملے میں گارڈن اور درخشاں پولیس نے سہولت کار ملزم محمد سمیر کی مقدمات میں گرفتاری اور تفتیش کی عدالت سے باضابطہ اجازت مانگ لی ہے۔عدالت نے تفتیشی افسران کو ہدایت دی کہ ملزم محمد سمیر سے سینٹرل جیل جاکر تفتیش کی جائے۔پولیس کے مطابق ملزم محمد سمیر جون 2021 میں درج چرس برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار ہوا اور جیل میں ہے‘دریں اثناء ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا ہے انمول پنکی ایک چالاک ملزمہ ہے، تفتیش مکمل ہونے تک نہیں بتا سکتے کہ ملزمہ انمول کے پیچھے کون ہے؟۔ ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے انمول عرف پنکی کیس کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی سنگین سماجی مسئلہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ صرف ایک عام جرم نہیں بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کا معاملہ ہے، اور پولیس اس کیس کی تفتیش بغیر کسی دبا ئوکے مکمل میرٹ پر کر رہی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی آزاد خان نے ملزمہ کے وکیل کی جانب سے کیے جانے والے تمام دعووں کو یکسر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا ملزمہ کا جسمانی ریمانڈ نہ لینے کے لیے اس کے وکیل نے عدالت میں بہت سی باتیں کیں اور جج کے ذہن میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن وکیل نے عدالت میں جو بھی باتیں کیں، ان کا حقیقت سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔